پشاور(رحم یوسفزئی) خیبرپختونخوا محکمہ صحت کے تمام تر دعوں اور وعدوں کے باوجود روزانہ 46بچے موت کی آغوش میں چلے جاتے ہیں ۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ انفارمیشن سسٹم کی پہلی سہ ماہی رپورٹ کے مطابق جنوری سے مارچ تک صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں 59ہزار 955بچوں کی پیدائش ہوئی جس میں1387بچے اپنی پہلی سالگرہ سے پہلے ہی موت کی وادی میں چلے گئے جبکہ 2811بچوں کی موت ایک مہینے کے اندر واقع ہوئی ہے ،اسی طرح رپورٹ کے مطابق رواں سال کے شروع کے تین مہینوں میں 107حاملہ خواتین کی اموات دوران زچگی واقع ہوئی ، سرکاری ہسپتالوں کے ڈیٹا کے مطابق خیبرپختونخوا میں روزانہ ایک سے زائد حاملہ خاتون دوران زچگی جان کی بازی ہار جاتی ہے ۔