اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کے انسانیت کش مظالم اور مسلسل کرفیو کیخلاف تھائی لینڈ میں مسلم کمیونٹی نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اسلامک سنٹر بنکاک میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کا اہتمام تھائی مسلم کمیونٹی ، پاکستان دوستی ایسوسی ایشن اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی تنظیم نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ تھائی لینڈ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ مسلم برادری نے کشمیریوں بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کے لئے پلے کارڈ اٹھا کر مسجد کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں جاری بھارتی فوج کے مظالم کے سدباب اور مسلسل کرفیو کے خاتمہ کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے ۔بنکاک کے اسلامک سنٹر کے مین ہال میں بھی خصوصی تقریب ہوئی جس سے خطاب میں پروفیسر چارن ملیم،پروفیسر سروت، مسٹر انس اماتیاکل، مس حاجا دارا اور پاکستانی سفیر آصف افتخار سمیت دوسرے رہنمائوں نے خطاب میں کہا کہ بھارتی حکومت نے اپنے ملک کے آئین میں کشمیر کو حاصل خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد وہاں دو ہفتوں سے مسلسل کرفیو نافذ کررکھا ہے جس سے کشمیریوں کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے اور وہ مسلسل عذاب و مشکلات سے دوچار ہیں۔ مقررین نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ اپنی قراردادوں کی روشنی میں کشمیر کا مسئلہ فوری طور پر حل کرائے ۔ تقریب میں کشمیریوں کی آزادی اور ان کے تحفظ اور سلامتی کیلئے خصوصی دعا کرائی گئی۔ تقریب کے بعد شرکانے پلے کارڈ اٹھا کر پرامن مظاہرہ کیا۔