کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ نے الزام لگایا ہے کہ وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب کے تاخیری حربوں سے غیر ملکی سرمایہ کار پریشان ہیں، سی پیک میں شامل تھر کول کے اہم منصوبے پر کام شروع نہیں ہوسکا ۔اپنے ویڈیو پیغام میں امتیاز شیخ نے کہا کہ 8 ماہ گزرنے کے باوجود تھر کول بلاک 6 کے لئے چینی کمپنی کو اجازت نہیں دی گئی جس کی وجہ سے غیر ملکی کنسورشیم اب تک کام شروع نہیں کرسکا، تھر کول بلاک 6 کے کوئلے سے 1320 میگاواٹ بجلی کا منصوبہ بھی لگایا جانا ہے ، تھر کول بلاک 6 کا کوئلہ فرٹیلائزر کی تیاری میں بھی کام آنا تھا، اس بلاک میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہونی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے بھی اس پر توجہ کی درخواست کی جاچکی ہے ۔