کراچی ( کامرس رپورٹر ) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کاروباری اتار چڑھاؤ کے بعد مجموعی طور پر تیزی کا رجحان رہا ،کے ایس ای100انڈیکس 800 پوائنٹس بڑھ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس43ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر تا ہوا43200پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا ،تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 86 ارب روپے کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا جس سے سرمائے کا مجموعی حجم 81کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ48.54 فیصد حصص کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ۔اسٹاک ماہرین کے مطابق امریکی اقدام کے بعد ایران کی جانب سے ممکنہ طور پر امریکہ مفادات ہر حملوں کے خطرات سے خطے میں جنگ کے منڈلاتے ہوئے بادلوں کے باعث مشرق وسطی سمیت دنیا کی دیگر اسٹاک مارکیٹوں میں مندی کے اثرات پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ پر بھی دیکھے گئے ،سرمایہ کاروں نے نئی سرمایہ کاری میں احتیاط کا مظاہرہ کیا اور چھوٹے سرمایہ کاروں نے سرمائے کے انخلاء کو ترجیح دی جس کی وجہ سے مارکیٹ میں دو دن کی مندی سے انڈیکس 1573.9 پوائنٹس لوز کر گیا تاہم پاکستان کی جانب سے امریکہ ایران تنازعہ سے دور رہنے کے حوالے سے واضح پالیسی سامنے آنے کے بعد مارکیٹ میں تیزی کارجحان بھی غالب دیکھا گیا اورگذشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 3دن کی تیزی سے انڈیکس2457.71پوائنٹس بڑھ گیا تاہم مجموعی طور پر مارکیٹ مثبت رہی اور سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوا ۔ گذشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں883.75پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے 42323.30پوائنٹس سے بڑھ کر 43207.05پوائنٹس ہو گیا اسی طرح کے ایس ای 30 انڈ یکس554.44پوائنٹس کے اضافے سے 19473.76 پوائنٹس سے بڑھ کر 20028.20پوائنٹس پر بند ہواجبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس29774.00پوائنٹس سے بڑھ کر 30058.44پوائنٹس پر جا پہنچا ۔گذشتہ ہفتے مارکیٹ کے سرمائے میں 86 ارب 58 کروڑ 70 لاکھ70 ہزار660روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 80کھرب16ارب 38 کروڑ 33لاکھ73ہزار513روپے سے بڑھ کر 81 کھرب 2 ارب 97 کروڑ 4 لاکھ 44 ہزار 173روپے ہو گیا ۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس ایک موقع پر42555.48پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا تاہم مندی کے اثرات غالب آنے سے انڈیکس ایک موقع پر41171.15پوائنٹس کی کم سطح تک گر گیا تھا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ15ارب روپے مالیت کے 40کروڑ 84ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم9ارب روپے مالیت کے 20کروڑ68لاکھ92ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کے دوران مجموعی طور پر1827کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 887کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،870میں کمی اور70کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔