کراچی(صباح نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے سابق کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہم سندھ میں نئے ا نتظامی یونٹ کے لئے طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا اتوار کو تنظیم بحالی اور میری جانب سے افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا ہے ، آفاق احمد اور مصطفی کمال کو بھی دعوت دی ہے ، میری خواہش ہے کہ جنہیں مدعو کیا ہے وہ ضرور تشریف لائیں، مجھے پی ایس پی اور نا ہی نام نہاد ایم کیو ایم پاکستان والوں نے افطار پارٹی میں دعوت دی، میں اس چیز کا گلہ نہیں کررہا کہ مجھے کیوں نہیں بلایا، میں نے خالد مقبول صدیقی کو بھی افطار پارٹی میں دعوت دی ہے ۔انہوں نے کہا وزیر اعظم عمران خان نے جنوبی سندھ صوبہ نہ بنانے کا شہریوں کو ٹکہ سا جواب دیا ہے ، عمران خان کا یہ جواب ایم کیو ایم پاکستان کو منظور ہو سکتا ہے لیکن ہمیں نہیں، اگر جنوبی پنجاب صوبے کی قرارداد منظور ہو سکتی ہے تو سندھ میں انتظا می یونٹ پر بات کیوں نہیں ہو سکتی؟