ملتان، فیصل آباد ، رحیم یار خان ( سٹاف رپورٹر، خصوصی رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) ملتان میں تیز گام ایکسپریس ایک اور بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی،پٹرولنگ عملے نے بروقت متعلقہ حکام کو آگاہ کرکے بڑا حادثہ ہونے سے بچا لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملتان کے علاقے سبحان پور کے قریب ٹریک کے نٹ بولٹ کھلے ہوئے تھے ،پٹرولنگ عملے نے دوران پٹرولنگ ٹریک کے نٹ بولٹ کھلے دیکھے تو فورا متعلقہ حکام کو آگاہ کیا،جنہوں نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے تیز گام ایکسپریس کو کریکر فائر کر کے روک لیا،پٹڑی کی مرمت کے بعد ٹریک کو کلیئر کیا گیا جس کے بعد تیز گام مسافرو ں کو لیکر راولپنڈی کے لئے روانہ ہوگئی۔ دو روز قبل 31 ستمبر کو تیزگام میں چلتے ہوئے آگ بھڑک اٹھی تھی اور آتشزدگی کے باعث 85 افرادجاں بحق اور100سے زائدزخمی ہو گئے تھے ۔ فیصل آ باد میں طارق آباد پل کے نیچے مال گاڑی کا ڈبہ پٹڑی سے اتر گیا ، ڈرائیور کے بروقت بریک لگانے سے بوگی الٹنے سے بچ گئی ، 3 ماہ میں ریلوے سٹیشن کے قریب ڈی ٹریک ہونے کا چوتھا واقعہ پیش آ یا ، رحیم یار خان ریلوے سٹیشن کے قریب کوڑا پھینکنے والی ٹرالی روہی ٹرین سے ٹکرا گئی، حادثے میں 2مسافر زخمی ہوگئے ، ایک بوگی کا ویل سپورٹ لیور بھی ٹوٹ گیا۔