پورٹ الزبتھ( سپورٹس ڈیسک) تیسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے آخری وکٹ کی شراکت میں 99 رنز کے باوجود جنوبی افریقہ کو ایک اننگز اور 53 رنز سے ہرا کر سیریز میں دو ۔ایک کی برتری حاصل کر لی۔پورٹ ایلزبتھ میں ٹیسٹ کے آخری دن انگلینڈ کو فتح کے لیے چار وکٹیں درکار تھیں، جنوبی افریقہ نے 106 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز شروع کی لیکن پوری ٹیم 237 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ مہاراج اورکیریئر کاپہلا ٹیسٹ کھیلنے والے ڈین پیٹرسن نے جم کر بیٹنگ کی اور آخری وکٹ کی شراکت میں 99 رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 237 تک پہنچا دیا۔انگلینڈ کی پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کے لیے میزبان ٹیم کو ابھی مزید 53 رنز درکار تھے کہ 71 کے انفرادی اسکور پر مہاراج بدقسمتی سے رن آؤٹ ہوگئے ۔ یوں انگلینڈ نے یہ ٹیسٹ اننگز اور 53 رنز سے اپنے نام کرلیا۔