کراچی (کامرس رپورٹر) عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں بدترین گراوٹ کے باعث پاکستان سٹاک ایکس چینج میں منگل کو شدید مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا اور غیر ملکی ومقامی سرمایہ کاروں کی جانب سے تیل وگیس شعبے کے شیئرز کی فروخت کے دباؤ سے کے ایس ای\100انڈیکس 1076.82پوائنٹس کی کمی سے 32422.83پوائنٹس کی سطح پر آگیا ۔گزشتہ روز76.10فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو ایک کھرب 56ارب 35کروڑ86لاکھ روپے کانقصان اٹھانا پڑا۔ کاروباری حجم بھی پیر کے مقابلے میں15.19فی صد کم رہا ۔گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز ہی منفی زون میں ہوا ۔دوران ٹریڈنگ ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس 32296پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا ،بعد ازاں ریکوری سے 32400کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی تاہم مندی کا رجحان غالب رہا ۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس بھی578.44پوائنٹس کی کمی سے 14233.23پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس583.26پوائنٹس کی کمی سے 22881.87پوائنٹس پر بند ہوا ۔گزشتہ روز مجموعی طور پر339کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 70کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،258کے میں کمی اور11کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔منگل کوعالمی گولڈ مارکیٹ میں سونے کی قیمت مزید 15ڈالرفی اونس گر گئی جس کے باعث مقامی ماکیٹ میں بھی سونے کی قیمت مزید1600روپے کمی سے 94ہزار700روپے فی تولہ اور10گرام سونے کی قیمت1372روپے کی کمی سے 81190روپے ہوگئی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت10روپے کی کمی سے 940روپے ہوگئی۔عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ گراوٹ اور دنیا کی اہم معیشتیں بحران سے دوچار ہونے کے باعث غیر ملکی کرنسیوں کی فروخت کا رجحان بھی بڑھ گیا ہے ۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید1.50روپے کی کمی سے 163روپے سے گھٹ کر161.50روپے اور قیمت فروخت1.70روپے کی کمی سے 163.50روپے سے گھٹ کر161.80روپے ہوگئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید2روپے کی کمی سے 162.50روپے سے گھٹ کر160.50روپے اور قیمت فروخت163.50روپے سے گھٹ کر161.50روپے ہوگئی۔ دیگر کرنسیوں میں یورو،برطانوی پاؤنڈ،سعودی ریال، یواے ای درہم کی قدر بھی کم ہوگئی۔