اسلام آباد،لاہور،ملتان(نامہ نگار،جنرل رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ،صباح نیوز) ملک بھرمیں کورونا وائرس کی دوسری لہر کی وجہ سے دوسری مرتبہ بند ہونیوالے تعلیمی اداروں میں تقریباً دو ماہ بعد نہم تا بارہویں کی کلاسز بحال ہوگئیں،بیشتر طلبہ پرجوش نظرآئے ،تاہم سخت سردی اور دھند کے باعث پہلے روز حاضری کم رہی۔گزشتہ روزکورونا لاک ڈائون اور موسم سرما کی تعطیلات ختم ہونے پرپہلے مرحلے میں نہم سے بارہویں جماعت تک کیلئے تعلیمی اداروں میں دوبارہ تدریسی عمل شروع ہونے پرکورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو لازمی قرار دیا گیا۔پہلے روز نصف طلبہ تعلیمی اداروں میں پہنچے تو اساتذہ نے انہیں ویلکم بیک ٹو سکول اور کالج کہا۔تعلیمی اداروں میں داخلے سے پہلے تمام طلبہ اور اساتذہ کا ٹمپریچر چیک کیا گیا۔طلبہ کو ماسک پہننے اورسماجی فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی گئی۔طویل چھٹیوں کے بعد سرد موسم میں آنیوالے بعض طلبہ کے چہروں سے ناگواری اور کلاس فیلوز سے دوبارہ ملنے کی خوشی کے ملے جلے تاثرات عیاں تھے ۔تعلیمی اداروں کے پہلے مرحلے میں دوبارہ کھولے جانے سے قبل وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ٹویٹ میں لکھا کہ طلبہ سکول وکالجزجائیں،ان کیلئے نیک تمنائیں ہیں، انکا مستقبل ہماری اولین ترجیح ہے ۔ وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے بھی تعلیمی ادارے کھلنے پر طلبہ کو کورونا ایس او پیز پر سو فیصد عملدرآمد کرنے کی ہدایت کردی، ٹویٹ میں کہاکہ تعلیمی ادارے کھولنے پر طلبہ کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ ہم نے احتیاط کے ذریعے اپنے پیاروں کو کورونا سے بچانا ہے ۔ طلبہ ماسک پہن کر رکھیں اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ طلبہ و اساتذہ کی صحت ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔علاوہ ازیں پنجاب میں تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد سکولوں میں کورونا ایس او پیز کی نگرانی کیلئے محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام اضلاع میں4رکنی خصوصی کمیٹیاں تشکیل دیدی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر محکمہ کو رپورٹ کرینگی۔ کمیٹیاں تعلیمی اداروں میں وزٹ کرکے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائینگی۔ہدایات پر عمل نہ کرنیوالے افسروں کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔ ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے تمام اتھارٹیز کے سی ای اوز کو مراسلہ جاری کردیا گیا ۔بتایا گیا ہے کہ نہم تا بارہویں کلاسز کیساتھ او اور اے لیول کے طلبہ کو بھی تعلیمی اداروں میں آنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ تدریسی عمل کے دوران طلبا و طالبات کو ایک دوسرے سے کتاب،کاپی اور پنسل لینے پر پابندی ہو گی۔ چھٹی کے وقت بھی سماجی فاصلہ کے تحت طلبہ کو گیٹ سے باہر جانے کی اجازت ہو گی۔محکمہ تعلیم کی خصوصی ٹیمیں اچانک دورہ کرکے ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گی ،خلاف ورزی کی صورت میں تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو بھاری جرمانہ سمیت سخت سزا کا سامنا کرنا پڑے گا ۔محکمہ صحت کی ٹیمیں کوروناٹیسٹ لیں گی طلبہ یا سٹاف میں سے کسی کا ٹیسٹ پازیٹو آنے پر تعلیمی ادارہ ہفتے ، دوہفتہ کیلئے بند کردیا جائیگا۔این سی او سی اور بین الصوبائی وزراے تعلیم کانفرنس کا انعقاد 20 جنوری کو متوقع ہے جس میں ملک بھر میں کورونا کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے تعلیمی اداروں سے متعلق مزید فیصلے کئے جائینگے ۔اسکے بعد ہی پہلی سے آٹھویں جماعت تک تعلیمی سلسلہ کوربحال کیا جائیگا۔علاوہ ازیں گریجوایشن، ماسٹرز، ایم فل اور ڈاکٹریٹ کی کلاس میں بھی تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز یکم فروری سے ہوگا۔