راولپنڈی ،اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی،92 نیوزرپورٹ،نیوز ایجنسیاں) بھارتی فوج نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے بٹل سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی، آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسزنے رات گئے جان بوجھ کر شہری آبادی کوبھاری ہتھیاروں اور مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 22 سالہ شہری شدیدزخمی ہو گیا، زخمی کو طبی امدادکی فراہمی کیلئے قریبی مرکز صحت منتقل کردیا گیا۔ پاک فوج نے موثراور منہ توڑ جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی توپوں کو خاموش کرا دیا۔واضح رہے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سرحدی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے ، پاکستان کی جانب سے متعدد بار بھارتی سفارتکار کو طلب کر کے احتجاجی مراسلہ تھمانے کے باوجود فائرنگ اور گولہ باری کے واقعات میں کمی نہیں آئی۔