اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، نیوزایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان ستمبر میں روس کا دورہ کریں گے جہاں وہ کثیرالملکی ایسٹرن اکنامک فورم میں شرکت کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے دورہ کی دعوت بشکیک میں ایس سی او سمٹ میں دی گئی جوانہوں نے قبول کرلی ہے ۔ روسی صدر پیوٹن کا وزیراعظم سے کہنا تھا خوشی ہوگی اگر آپ روس میں کثیرالملکی فورم میں شرکت کریں گے ۔ اس پر وزیراعظم نے پیوٹن کو شرکت کی یقین دہانی کرائی۔ذرائع نے بتایا وزیراعظم عمران خان ستمبر میں روس کا دورہ کریں گے جہاں وہ کثیرالملکی ایسٹرن اکنامک فورم میں شرکت کریں گے ۔ایسٹرن اکنامک فورم 4 سے 6 ستمبر تک روسی شہر ولادی وستوک میں ہوگا۔ عمران خان روسی صدر کی دعوت پر مہمان خصوصی کے طور پرفورم میں شرکت کریں گے ۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی اکنامک فورم میں شریک ہو ں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے پاک بھارت وزرائے اعظم کے درمیان بات چیت اور تعلقات کے حوالے سے بریک تھرو کا امکان ہے ۔ ماسکو (شاہد گھمن سے ) ماسکومیں ہونے والی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے پاک روس تعلقات ، امریکہ کی ایران کو راکٹ حملے کی دھمکی سمیت عالمی امور پر گفتگو کی اوربریفنگ میں موجود صحافیوں کے سوالوں کے جوابات دئے ۔ ماریہ زخارووا نے 92 نیوز کے نمائندے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا پاک روس تعلقات بہت تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور ہم چاہتے ہیں پاکستان کے ساتھ تعلقات اور بھی مضبوط ہو ں اور اس سلسلہ میں ہر سطح پر کام ہو رہا ہے ۔ ماریہ زخارووا کا کہنا تھا ایران اور امریکہ کی حالیہ صورتحال ہمارے اور خطے کیلئے پریشانی کا باعث ہے ۔ ایران کو راکٹ حملے سے ختم کرنے کی دھمکی ناقابل برداشت ہے ۔ روس خطے میں امن چاہتا ہے اور جنگ کے خلاف ہے ۔ روس دنیاوی اصولوں اور قانون کا احترام کرتا ہے اور اسی کی پیروی کرتا ہے ۔ روس نے ہمیشہ اپنی بات کھل کر کی اور اپنی پوزیشن واضح کی ۔ امریکہ کی ایران کو دھمکیاں غیرقانونی اور ہمارے لئے تشویش کا باعث ہیں۔ روس امریکہ، ایران اور خطے کے دوسرے ممالک کے مفادات کو ساتھ لیکر مسئلے کا حل چاہتا ہے کیونکہ جنگ سے خطے میں تباہی و بربادی ہوگی جو روس بالکل نہیں چاہتا ۔