مکرمی! میں آپ کے اخبار کے توسط سے حکام بالا کی تو جہ ایک انتہا ئی اہم مسئلہ کی جانب مبذول کروانا چاہتی ہوں۔ملک بھر میں آئل ٹینکرزکے حادثات میں خوفناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔عموماًآئل ٹینکرز کنٹینرز کو اورٹیک کرتے ہوئے اور تیز رفتاری کے باعث حادثات پیش آتے ہیں۔آئل ٹینکرز کے حادثے کے بعدٹینکرز میں یکدم آگ بھڑک اْٹھتی ہے جس سے اطراف کی گاڑیاں اور موٹرسائیکل وغیرہ بھی جل کر راکھ ہوجاتی ہیں۔حال ہی میں کراچی سے شیخوپورہ جانے والا آئل ٹینکر حادثے کاشکار ہو گیا۔یہ آئل ٹینکرٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل پیرمحل کے قریب موٹروے ایم تھری پر ڈرائیور کی غفلت کے باعث الٹ گیا۔ آئل ٹینکرر 48000لیٹر پیٹرول سے لداہوا تھا۔تصادم کے باعث آئل ٹینکرز لیک ہوجاتے ہیں جس سے ہزاروں لیٹر آئل زمین پر بہہ جاتا ہے۔عرصہ دراز سے آئل ٹینکرز کی سپلائی جاری ہے تو پھر اچانک اتنی بڑی تعداد میں آئل ٹینکرز کے حادثات کیوں رونما ہورہے ہیں۔اس بات کی تحقیق اب ضروری ہوچکی ہے کہ آئل ٹینکرز کے بڑھتے ہوئے پر اسرار حادثات کے پیچھے اصل وجہ کیا ہے۔میری حکام بالا سے درخواست ہے کہ بڑھتے ہوئے حادثے کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائے۔ (فرحین احمد خان المصطفیٰ کالونی نیو کراچی)