لاہور(کلچرل ر پو ر ٹر ) ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا اطہر علی خان نے کہا ہے کہ الحمرا کلچرل کمپلیکس،لاہور آرٹس کونسل کے ذیلی کمپلیکس ہونے کے ناطے ایک اہم ادبی و ثقافتی ادارہ کی حیثیت رکھتا ہے ،اس پلیٹ فارم سے عوام کے لئے معیاری اور سماجی اقدار کے مطابق زیادہ سے زیادہ پروگرام پیش کرنے کے اقدامات کئے جائیں، نوجوان مصوروں کو زیادہ سے زیادہ موقع کی فراہمی کیلئے نمائشوں کا بلاتعطل انعقا د یقینی بنایا جائے ، ثقافتی سرگرمیوں میں اضافہ کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا کلچرل کمپلیکس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان نے الحمرا کلچرل کمپلیکس میں فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں کی کلاسز کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے اساتذہ و سٹوڈنٹس کو اپنی حاضری یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے ۔