لند ن (نیٹ نیوز) لندن میں پیدا ہونے والے جڑواں بھائیوں کو جو کبھی برطانیہ سے باہر نہیں گئے ، کیریبین کے دو الگ الگ ممالک میں بے دخلی کا نوٹس جاری کردیا گیا جہاں ان کا کوئی قریبی رشتہ دار نہیں ہے ، انکی جلاوطنی روکنے کیلئے ایک پٹیشن کا آغاز کیا گیا ہے ۔ڈیلی مرر اور گارجین کی رپورٹس کے مطابق 24 سالہ ڈیرل روبرٹس کو بے دخلی کے نوٹس میں بتایا گیا کہ داخلہ دفتر انہیں جیل کی سزا کے بعد جمہوریہ ڈومینیکن بھیج رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ حکام سے کوئی غلطی ہوئی ہے ان کے والد ایک اور کیریبین جزیرے ڈومینیکا میں پیدا ہوئے تھے ۔ان کے جڑواں بھائی ڈیرن روبرٹس کو بتایا گیا کہ انہیں گرینیڈا بھیجا جائے گا، جہاں ان کی والدہ پیدا ہوئی تھیں،دونوں بھائی جب 13 برس کے تھے ان کی والدہ اور انکل مختصر عرصے کے وقفے سے وفات پاگئے تھے جبکہ ان کے والد والدہ کی وفات سے قبل ہی بیرون ملک جاچکے تھے ۔ دونوں بھائی مختلف جرائم میں اسوقت جیل میں ہیں ۔داخلہ دفتر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں بھائیوں کو اب تک بے دخلی کا کوئی نوٹس جاری نہیں کیا گیا ،دونوں بھائیوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ انکی بیدخلی روکے جائے ہم برطانیہ سے نہیں جا نا چاہتے ۔