اسلام آباد،راولپنڈی (سپورٹس رپورٹر،رپورٹر 92 نیوز) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ آج سے راولپنڈی میں شروع ہوگا ، پاکستانی ٹیم کو مہمان ٹیم پر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے ۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے سترہ رکنی قومی ٹیسٹ سکواڈکا اعلان کردیاہے ۔ کراچی ٹیسٹ کے لیے اعلان کردہ 17 رکنی اسکواڈ کوہی دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے برقرار رکھا گیا ہے ۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اب ہیڈ کوچ کی مشاورت سے میچ سے قبل پلیئنگ الیون کا انتخاب کریں گے ۔یاد رہے کہ پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں جوکراچی میں کھیلا گیا تھا 7 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کر لی تھی۔دوسری طرف پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرا ٹیسٹ جیت کر کلین سویپ کرنے کیلئے پر عزم ہیں جبکہ مہمان پروٹیز ٹیم سیریز بچانے کیلئے جدو جہد میں مصروف نظرآئے گی ۔