اسلام آباد(خبر نگار)پاکستان تحریک انصاف نے جمعیت علما الاسلام (جے یو آئی) کی غیرملکی فنڈنگ کی تحقیقات کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی ہے ۔درخواست پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب نے دائر کی جس میں جے یو آئی کی فارن فنڈنگ کی انکوائری کر کے کارروائی کر نے کی استدعا کی گئی ہے ۔درخواست کے ساتھ جے یو آئی کے سابق رہنما حافظ حسین احمد کے 92 نیوز کے پروگرام دی لاسٹ آور میں دیئے گئے انٹرویو کا سکرپٹ منسلک کیا گیا جس میں حافظ حسین احمد نے مولانا فضل الرحمن کے لیبیا اور عراق سے فنڈنگ لینے کا اعتراف کیا ہے ۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمن سمیت کئی رہنما لیبیا اور عراق کا متواتر دورہ کرتے تھے ، الیکشن کمیشن جمعیت علماء اسلام کے خلاف الیکشن ایکٹ کے تحت کارروائی کرے ۔اس موقع پر الیکشن کمیشن کے باہر پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج اکبر ایس بابر نے یو ٹرن لے کر دوبارہ کمیٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ،لگتا ہے ان کا ایزی لوڈ ختم ہوگیا تھا ،امید کرتا ہوں اب وہ روتے ہوئے نہیں جائیں گے ۔فرخ حبیب نے مولانا فضل الرحمن کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ آپکے ہاتھ صاف ہیں تو رسیدیں جمع کرائیں،بتائیں عراق اور لیبیا سے کس ایجنڈے کے تحت پیسے لئے ۔انہوں نے کہا مریم صفدر بھی غائب ہیں اپنی رسیدیں لیکر الیکشن کمیشن آئیں۔دریں اثنا الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کی غیرملکی پارٹی فنڈنگ کی تحقیقات کیلئے قائم سکروٹنی کمیٹی کا اجلاس بغیر کسی کارروائی ملتوی کردیا گیا۔اجلاس پی ٹی آئی کے وکیل شاہ خاور کی عدم موجود گی ملتوی کیا گیا۔سکروٹنی کمیٹی نے اجلاس دو فروری کو دوبارہ طلب کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیا۔دوسری طرف ۔پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کی تحقیقات کے معاملے میں الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی کا اجلاس 28 جنوری کوطلب کرتے ہوئے درخواست گزار اور فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ۔ دریں اثنا الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں تحریک انصاف کے بانی رکن و فارن فنڈنگ کیس میں درخواست گزار اکبر ایس بابر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 23 بینک اکاؤنٹس الیکشن کمیشن سے چھپائے گئے ۔