لاہور(سپورٹس رپورٹر)پی ایس ایل انتظامیہ نے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے چھ فرنچائز کی جانب سے برقرار رکھے گئے کھلاڑیوں کی تفصیلات کا اعلان کر دیا ہے ، چھٹے ایڈیشن کے لئے ہونے والے ڈرافٹ کے لئے ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی مختلف کیٹیگریز کی لسٹ بھی جاری کر دی ہے ۔ ٹیموں کی جانب سے کئے گئے واحد باہمی ٹریڈ میں کولن انگرم کراچی کنگز اور ایلکس ہیلز اسلام آباد یونائیٹڈ کے سکواڈ میں شامل ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب پی ایس ایل سکس کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کی تقریب آج لاہو میں ہوگی ۔ اس سے پہلے تمام 6 فرنچائزز کی جانب سے کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے ، ریلیز کرنے اور ٹریڈ کے عمل کو مکمل کر لیا گیا ہے ۔ لسٹ کے مطابق لاہور قلندرز نے عابد علی، سلمان بٹ، سمٹ پٹیل اور عثمان شنواری سمیت 7 کھلاڑیوں کو ریلیز کر دیا ہے ۔