لندن (صباح نیوز)رافعہ ارشد حجاب کے ساتھ برطانیہ میں جج کے عہدے پر فائز ہونے والی پہلی مسلمان خاتون بن گئی ہیں اور وہ جلد ہی مڈلینڈ میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ جج کا عہدہ سنبھالیں گی۔ چالیس سالہ رافعہ ارشد کا تعلق لیڈز سے ہے ۔ برطانوی اخبار کو انٹرویو میں رافعہ نے بتایا کہ گیارہ سال کی عمر میں جج بننے کا خواب دیکھا تھا، لا کالج کے انٹرویو کے وقت اہل خانہ نے حجاب اتار نے کو بھی کہا تھا لیکن میں نے انکارکر دیا تھا۔میٹرونیوز کو دیئے گئے انٹرویو میں رافعہ ارشد نے کہا میں نوجوان مسلمانوں کو یہ بتایا چاہتی ہوں کہ وہ جس کے بارے میں سوچ سکتے ہیں اسے حاصل بھی کر سکتے ہیں۔میں اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہوں کہ معاشرے میں مختلف نظریات اور سوچ رکھنے والے افراد کے مسائل کو بھی سنا جائے ۔ یہ معاشرے کی تمام خواتین کیلئے اہم ہے بالخصوص جو مسلمان ہیں۔