پنجاب بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈائون تیز کرتے ہوئے مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران بااثر قبضہ مافیا 3ارب 31کروڑ روپے کی ہزاروں کنال اراضی واگزار کرا لی گئی ہے۔ قبضہ مافیا کے خلاف لاہور کی تین تحصیلوں کے علاوہ دنیا پور، لودھراں‘ کوٹ پنڈی داس‘ شیخو پورہ کی پانچ تحصیلوں میں ضلعی انتظامیہ اور اینٹی کرپشن نے سرکاری زمینیں واگزار کرائی ہیں جو قبضہ مافیا کے خلاف صوبائی حکومت کی بڑی کامیابی قرار دی جا سکتی ہے۔ قبضہ مافیازپنجاب ہی نہیں پورے ملک میں کئی برسوں سے سر گرم عمل ہیں ۔ یہ اعزاز بلاشبہ موجودہ پنجاب حکومت کو جاتا ہے کہ اس نے اراضی واگزار کرانے کے کارخیر میں پہل کی ہے جس کی دوسرے صوبوں کو بھی تقلید کرنی چاہیے‘ سندھ میں بھی کئی قبضہ مافیا سرکاری زمینوں پر قابض ہیں جبکہ وہاں کئی بااثر اور با رسوخ افراد نے سرکاری اہلکاروں سے مل کر جنگلات کی ہزاروں ایکڑ اراضی پر قبضہ کر رکھا ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پنجاب میں قبضہ مافیا کے خلاف اس مہم کو نا صرف جاری رکھا جائے بلکہ اس میں مزید تیزی لائی جائے ۔جن لوگوں نے ان زمینوں پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے بلکہ ان پر اراضی کے غیر قانونی استعمال کے جرم میں بھاری جرمانے عائد کر کے ان سے رقم وصول کی جائے ، قومی خزانے کے نقصان کو بھی پورا کیا جائے تاکہ آئندہ کوئی قبضہ مافیا جنم نہ لے اور سرکاری اراضی پر قابض ہو کر عوام اور حکومت کو نقصان پہنچانے کا باعث نہ بنے۔