اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)الیکشن کمیشن میں بلاول بھٹو زرداری کے اثاثوں میں تضاد سے متعلق کیس کی سماعت10 جون تک ملتوی کر دی گئی ۔ الیکشن کمیشن ممبر پنجاب کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی،بلاول بھٹو کے وکلا نے اثاثہ جات میں تضاد سے متعلق جواب جمع کرایا۔ الیکشن کمیشن نے کہاکہ جمع کرائے جواب کا جائزہ لیکر فیصلہ کریں گے ۔ ممبر الیکشن کمیشن نے کہاکہ پولیٹیکل فنانس ونگ سے تفصیلی رپورٹ مانگی ہے ۔ توہین عدالت معاملہ پر الیکشن کمیشن نے فردوس عاشق اعوان کے خلاف مقدمہ عدم پیروی پرخارج کردیا۔فردوس عاشق اعوان کولیکشن کمیشن کے خلاف بیان دینے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا گیا تھا۔الیکشن کمیشن نے وزیر قانون پنجاب بشارت راجہ کے خلاف نااہلی کی درخواست پر انکے وکیل کو دلائل دینے کیلئے آخری موقع دیدیااورسماعت 17 جون تک ملتوی کر دی۔ پیپلز پارٹی کی مبینہ ممنوعہ ذرائع سے پارٹی فنڈنگ کی تحقیقات کا معاملہ پر درخواست گزار کے وکیل کی عدم پیشی کے باعث سکروٹنی کمیٹی کا اجلاس بغیر کارروائی 9جولائی تک ملتوی کر دیا گیا۔ الیکشن کمیشن میں اے پی ایم ایل نے لاک ڈاؤن کے بعدانٹرا پارٹی انتخابات کرانے کی یقین دہانی کرا دی،الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کی۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے عہدیداروں کی فہرست میں تضاد کے معاملہ پر 4 رکنی بنچ نے سماعت کی۔ کیس کی سماعت 13 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔