لاہور(جنرل رپورٹر) معروف ایٹمی سائنسدان، محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہاہے ،پاکستان کے خلاف جارحیت کرنے والوں کا انجام عبرتناک ہوگا، 28 مئی پاکستانی تاریخ کا ناقابل فراموش دن ہے ، اس دن ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیااورپاکستان ایک ایٹمی قوت کے طور پر دنیا کے سامنے آیا۔ 28مئی کو پوری دنیا نے نعرہ تکبیر، اﷲ اکبر کا نعرہ سنا۔ یوم تکبیر قوم کی بہادری کی علامت کادن اور پاکستانیوں کے لئے اﷲ تعالی کے حضور سجدہ شکر بجالانے کا دن ہے ۔ ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ میں یوم تکبیر کے موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا،تقریب کی صدارت چیف ایگزیکٹو آفیسر شوکت ورک نے کی۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا پاکستان کی طرف کوئی بھی میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا، 28مئی کو دشمن کے مقابلے میں پاکستان نے ایٹمی دھماکے کرکے نہ صرف پاکستانی قوم بلکہ پوری مسلمہ امہ کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ ایٹم بم بنانے کا تمام کام کہوٹہ ریسرچ لیبارٹری میں ہوا جہاں میں نے اپنی ٹیم کے ساتھ ملکر ایٹم بم بنایا، ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے کے بعد اب سماجی اور فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہوں، اپنی تمام زندگی رفاعی کاموں کے لئے وقف کر دی ہے ،میرا مشن صحت اور تعلیم کا شعبہ ہے ، لاہور میں ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال بڑا منصوبہ ہے جہاں غریبوں کا مفت علاج معالجہ جاری ہے ، اس کے 400بستروں پر مین ٹاور کی تعمیر کا کام بھی آخری مراحل میں ہے ، ہسپتال میں ڈائیلسزسنٹر میں بھی مریضوں کے مفت ڈائیلسز کرنے کے ساتھ ساتھ ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہے ۔