لاہور (خبرنگارخصوصی) ورلڈ بینک ٹیم کے چار رکنی وفد نے لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر سے ملاقات کی اور پنجاب میں زراعت و دیہی ترقی کے متعلق ورلڈ بینک کے پروگرام "سمارٹ" کے حوالے سے تفصیلا تبادلہ خیال کیا۔ وفد کی سربراہی ہینز جوہانز نے کی جبکہ ممبران میں سینئر کمیونیکیشن آفیسر مس فلورے مارٹینینٹ، کمیونیکیشن آفیسر مس مہرین سعید اور عرفان رزاق شامل تھے ۔ وفد نے صدر لاہور چیمبر کو پروگرام کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد پنجاب میں کسانوں کی فصلوں اور مویشیوں کی پیداوار میں اضافہ، بدلتی آب و ہوا سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت میں بہتری،پنجاب میں زرعی کاروبار کی ترقی ہے ۔ لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں زراعت کا کردار نہایت اہم ہے کیونکہ زراعت کا ملکی جی ڈی پی میں حصہ 18.5% جبکہ روزگار کی فراہمی میں حصہ 38.5% ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2018-19میں زرعی شعبہ میں ترقی کی شرح محض 0.85%رہی،اگرملک کی ترقی کی شرح چھ سے سات فیصد تک بڑھانا اور خطے کی اہم معیشت بننا چاہتے ہیں تو زرعی شعبہ کی ترقی بے حد ضروری ہے ۔