اسلام آباد،کراچی (نیوز رپورٹر،سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کریکس اور ساحلی علاقوں کا دورہ کیا اور سپیشل سروس آپریشنل ٹریننگ سینٹر کا افتتاح کیا۔ انہوں نے بغیر پائلٹ اڑنے والے ڈرونز کی لانچ سائٹ کا بھی دورہ کیا اور افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔حال ہی میں افتتاح کیا جانے والا ٹریننگ سینٹر پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں، مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دوست ممالک کو انسداد دہشت گردی اور دیگر پیشہ ورانہ مہارتوں سے متعلق ٹریننگ فراہم کرے گا۔ اس موقع پر ایڈمرل کو بغیر پائلٹ کے پرواز کرنے والے طیاروں کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر چیف آف دی نیول سٹاف نے جنگی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور جوانوں کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کااعادہ کیا کہ اللہ کے فضل سے پاک بحریہ جارحیت کی کسی بھی کوشش کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے ۔