کراچی (کلچرل رپورٹر) معروف رائٹر اور ہدایتکار خلیل الرحمان قمر کی فلم ’’کاف کنگنا‘‘ کی تشہیری مہم جاری ہے ، رواں ماہ 25اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی۔ فلم کی کاسٹ میں ایشل فیاض، سمیع خان، عائشہ عمر، فضاعلی، ساجد حسن ، راشد محمود، صائقہ خیام، نسیم وکی ،اکرم اداس،بلال چودھری، خالد بٹ اور شفقت چیمہ شامل ہیں۔ فلم کی موسیقی ساحر علی بگا اور نوید ناشاد نے ترتیب دی ہے جبکہ فلم کے گانے شفقت علی خان، راحت فتح علی خان، فرحان سعید، عارف لوہار اور آئمہ بیگ نے گائے ہیں۔فلم میں اداکارہ نیلم منیر کا آئٹم سانگ بھی شامل ہے ۔فلم کی کہانی پاک بھارت تعلقات پر مبنی ہے ۔سمیع خان پاکستانی لڑکے جب کہ اشل فیاض بھارتی لڑکی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی جسے بڑے ہی خوبصورت انداز میں پکچرائز کیا گیا ہے ۔فلم کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے تعاون سے ریلیز کیا جارہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق 25 اکتوبر 2019 کو ریلیز ہونے والی فلم " کاف کنگنا "اب تک ریلیز ہونیوالی ایسی تمام بھارتی پروپیگنڈہ فلموں کو ایک منہ توڑ جواب ہے ۔ واضح رہے کہ تقسیم ہند کے موضوع پر متعدد پاکستانی ڈرامے اور کچھ فلمیں بھی بنائی جا چکی ہیں اور ان میں دونوں ممالک کے افراد میں محبت کو بھی دکھایا گیا ہے تاہم فلم کاف کنگنا ان فلموں سے مختلف ہے جس میں خلیل الرحمن قمر نے بہت کچھ سسپنس میں رکھا ہوا ہے ۔