جہلم/لاہور/کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک،سپیشل رپورٹر) جی ٹی روڈ پر سوہاوہ کے قر یب ٹرالر کے ساتھ تصادم سے مسافر وین میں آگ لگنے سے 7مسافر زندہ جل کر جاں بحق ہوگئے ۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر وین گوجرانوالہ سے راولپنڈی جارہی تھی ۔جھلس کر زخمی ہونے والے 4مسافروں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ نشتر کالونی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی موڑ کاٹتے ہوئے گہری کھائی میں جا گری ، 2 افراد موقع پرہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگئے ۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 22 سالہ محسن اور 21سالہ اﷲ وسایا شامل ہیں، دونوں افراد مانگا منڈی کے نواحی گاؤں کے رہائشی تھے ۔ لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ان کے ورثا کے حوالے کر دیں ۔ میتیں گھروں میں پہنچتے ہی کہرام برپا ہو گیا۔ادھر کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس مینگل آباد کے قریب بس اور کار میں تصادم سے 3افراد جاں بحق ہوگئے ۔پولیس کے مطابق ایک شخص کو زخمی حالت میں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔