اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے اطلاعات لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے ملاقات کی جس میں بلوچستان کے ترقیاتی امور اور کورونا وائرس کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگرمعاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گزشتہ روزاس موقع پر وزیراعلیٰ جام کمال نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، وفاقی حکومت کا تعاون بھی ناگزیر ہے ، وزیراعظم عمران خان سے انتہائی مفید ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم نے صوبے کی ترقی کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ نئی سرمایہ کاری اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر سے بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ بلوچستان ملک کا سب بڑا اور جغرافیائی ومعدنی وسائل کے حوالے سے اہم صوبہ ہے ۔ قومی میڈیا میں بلوچستان کی کوریج میں اضافہ کیلئے کردار ادا کرونگا۔ بلوچستان میں خدمات سرانجام دیں، صوبے کی ترقیاتی ضرورتوں سے آگاہ ہوں۔وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کو ترجیح دئیے جانے کے حق میں ہوں۔