کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا یوٹرن، پارٹی صدارت چھوڑنے کافیصلہ واپس لے لیا جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کی کور کمیٹی اور سینئر ارکان نے ظہور بلیدی کو قائم مقام صدر مقرر کر دیا ،منظور کاکڑ نے ظہور بلیدی کے بطور قائم مقام صدر کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا،گورنر بلوچستان نے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں بلوچستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی ٰجام کمال نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہا دوستوں کے کہنے پر پارٹی صدر کے عہدے پرقائم رہونگا، پارٹی صدارت سے استعفے کاٹویٹ کیاتھالکھ کرنہیں دیاتھا،نومبرمیں پارٹی الیکشن کرانے کاارادہ تھا، پارٹی نے مجھے کہاآپ الیکشن تک پارٹی کے صدررہیں، الیکشن کے بعد جوبھی پارٹی کاصدرہوگالبیک کہیں گے ،سیاسی معاملات میں کوئی خطرہ ہوتاہے نہ کبھی ٹلتاہے ، عدم اعتمادکی تحریک کیلئے نمبر گیم جلدآپ کے سامنے آجائے گی،14ارکان نے عدم اعتماد کی تحریک پر دستخط کیے ہیں،جمع کرائی گئی عدم اعتماد تحریک پرتحفظات ہیں،دستخط کرنے والے ارکان کو اپنی موجودگی بھی ظاہر کرنا پڑیگی، جس دن تحریک ایوان میں لائی جائے گی اس روز دیکھیں گے ، ایسا نہیں ہوتا کہ دو لوگ فیصلہ کر کے بیٹھ جائیں ہم نہیں مانتے ،ہر طرح کے سیاسی بحران کا سامنا کریں گے ، ناراض ارکان ہمارے بھائی ہیں، ہماری جماعت کاحصہ ہیں اوررہینگے ،پہلے بھی ان کے پاس بیٹھے اورآج بھی بیٹھیں گے ،ہمارے پاس دروازے ہیں نہ کھڑکیاں، یہ سیاسی ماحول ہے ، ناراض ارکان کے ساتھ بیٹھ کربات کرنے کوتیارہیں، ایک ماہ بعدہماری پارٹی مزیدمضبوط نظرآئے گی،آخری دن تک یہی کوشش ہو گی کہ پارٹی ڈسپلن قائم رہے ، آصف زرداری سے تین ساڑھے 3سال میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی،تاریخ میں سینٹ کے ایسے انتخابات نہیں ہوئے جو اس بار ہوئے ،ہم اپنی ساکھ کوبہترکرنے کی کوشش کررہے ہیں۔دوسری جانب بلوچستان عوامی پارٹی کی کور کمیٹی اور سینئر ارکان نے ظہور بلیدی کو قائم مقام صدر بنادیا ،ذرائع کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر کو پارٹی فیصلے سے آگاہ کردیا، ظہور بلیدی نے وزیراعلیٰ جام کمال کے خلاف تحریک عدم پر دستخط بھی کیے ۔دریں اثنا سیکرٹری بلوچستان اسمبلی نے وزیراعلیٰ جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد گورنر و وزیراعلیٰ ہائوس ،صوبائی وزراء ،مشیران ،پارلیمانی سیکرٹریز اور ارکان اسمبلی کومراسلے جاری کرد ئیے ۔دریں اثنا بلوچستان حکومت کے ناراض گروپ کا 5 رکنی وفد اسلام آباد پہنچ گیا۔ وفد میں میر عبدالقدوس بزنجو، میر ظہور بلیدی، سردار عبد الرحمان کھیتران، حاجی اکبر آسکانی ، بشری رند شا مل ہیں جہاں وہ اہم ملاقاتیں کریں گے ۔