لاہور،راولپنڈی،پشاور(جنرل رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،نامہ نگار خصوصی،خبرنگار) ڈینگی کے مرض نے ایک اور قیمتی جان لے لی جبکہ100سے زائد نئے مریض سامنے آگئے ۔گزشتہ روزراولپنڈی قائد اعظم کالونی کا رہائشی نوجوان احسن بینظیر بھٹو جنرل ہسپتال کے ڈینگی وارڈ میں تین روز تک زیر علاج رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ ڈینگی کا شکار ہو کر جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 54 ہوگئی۔پچھلے 24 گھنٹوں میں پنجاب میں ڈینگی کے 137نئے مریض سامنے آگئے ۔گزشتہ روزراولپنڈی سے 98،لاہورسے 19، اٹک،گجرات،ڈی جی خان،حافظ آباد،خوشاب،منڈی بہائو الدین،سیالکوٹ، سے ایک ایک،گوجرانوالہ ،نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، راجن پور، سرگودھاسے 2،2بکھرسے 3 نئے ڈینگی کیس رپورٹ ہوئے ۔پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں ڈینگی کے کل320کنفرم مریض زیر علاج ہیں، 6مریض انتہائی نگہداشت میں جبکہ باقی خطرے سے باہر ہیں۔صوبہ بھر سے ڈینگی لاروا کی موجودگی اور غفلت برتنے پر100کمرشل مقامات کیخلاف مقدمات درج اور6 افراد گرفتار کئے گئے ،1317افراد کو وارننگ جاری کی گئی جبکہ18مقامات کو سیل کیا گیا۔ضلعی انتظامیہ لاہور کی انسداد ڈینگی رپورٹ کے مطابق ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر85 افراد کیخلاف مقدمات کا اندراج کرایا گیا۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ انسداد ڈینگی کی سرگرمیاں و آگاہی جاری ہے ۔ادھرخیبر پختونخوا میں مزید68افراد ڈینگی میں مبتلا ہوگئے ۔