لاہور(نیٹ نیوز)پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اداکار عدنان ملک نے انسٹاگرام کی تصاویر اور حقیقت میں فرق واضح کر دیا ہے ۔ اداکار عدنان ملک مری اور گلیات کے علاقے کی دوسری بلند ترین چوٹی میراں جانی ٹاپ پر گئے اور انہوں نے وہاں کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔عدنان ملک نے ایک طویل کیپشن کے ساتھ اپنی 3 تصاویر شیئر کیں اورلکھا یہ بات میرے لئے بہت ہی بری ہے کہ ہم قدرتی خوبصورتی کی تصویر کشی کرنے کے لیے ان حیرت انگیز مقامات کی سیر کرتے ہیں، ساتھ ہی ہم اسے بے دلی کے ساتھ گندا بھی کر رہے ہوتے ہیں۔ہم ایک جاندار ہونے کی حیثیت سے بے کار ہیں اورایک خوبصورت تصویر کی خاطر پاگل ہو رہے ہوتے ہیں ، ساتھ ہی ہم اپنا کچرا کوڑے دان تک میں نہیں ڈالتے اور وہیں اپنا کچرا پھینک کر دوسرے کا تجربہ برباد کر دیتے ہیں۔ ہم چرند پرند کے بارے میں کیوں نہیں سوچتے ، یہ کوڑا اور پلاسٹک ان کی جان کے لیے خطرے کا باعث بن رہا ہے ۔ہم یہ کیوں سوچ لیتے ہیں کہ جو کچرا ہم گرا کے جاتے ہیں وہ کوئی دوسرا آکر صاف کرے گا یا قدرتی طور پر ختم ہو جائے گا۔مجھے پوری دنیا گھومنے اور اس کی خوبصورتی کو دیکھنے کا شوق ہے اور جب میں پاکستان میں گھوما تو میں نے یہاں دو چیزیں دیکھیں، ایک یہ کہ اللہ نے ہمیں پوری دنیا میں سب سے خوبصورت اور سرسبز و شاداب خطے سے نوازا ہے اور دوسری یہ کہ ہماری عوام بالخصوص نوجوان اس خطے کی بالکل عزت نہیں کرتے ۔پاکستان میں چاہے کہیں بھی چلے جاؤ وہاں پلاسٹک کے ریپر، بوتلیں اور کچرا ہر فٹ پاتھ اور عوامی مقام پر نظر آئے گا۔