ٹوکیو(نیٹ نیوز) جاپان کی مشہور فوٹو گرافر سنیکو ساساموتو کی عمر اب 101 سال ہو چکی ہے لیکن ان کا شوق اور جذبہ اب بھی جوان اور جاری و ساری ہے ۔سنیکو ساسا موتو کو جاپان کی پہلی فوٹو جرنلسٹ کہا جاتا ہے ، انہوں نے 25 سال کی عمر سے فوٹوگرافی شروع کی اور ان کا یہ شوق اب تک زندہ ہے ۔سنیکو ساساموتو نے 70 سال کی تاریخ کو کیمرے کی آنکھ سے قید کیا ہے ، انہوں نے جاپان کو جنگ سے پہلے اور جنگ کے بعد کے دور میں تصویروں میں بند کر دیا۔2011 میں ساساموتو نے 97 سال کی عمر میں اپنی تصویروں پر مشتمل ایک کتاب 'ہیاکوسے نو فاؤنڈر' شائع کی اور 100 سال کی عمر میں اپنی تصویروں کی نمائش کا انعقاد بھی کیا۔اب ساساموتو اپنے ایک حالیہ پراجیکٹ پر کام کر رہی ہیں جس کا نام 'ہانا اکاری' یا فلاور گلو ہے ، یہ ان کے دنیا سے گزر جانے والے دوستوں سے محبت کا اظہار ہے ۔ ان کا بایاں ہاتھ اور دونوں ٹانگیں گزشتہ سال ایک حادثے میں ٹوٹ گئیں تھیں اس کے باوجود وہ اپنا یہ پراجیکٹ مکمل کرنے میں مگن ہیں۔اپنی سالگرہ پر پیغام دیتے ہوئے ساساموتو نے کہا کہ آپ کو کبھی سست نہیں پڑنا چاہیے اور کبھی ہار نہ مانیں، تبھی آپ آگے بڑھ سکیں گے ۔