ٹوکیو( آن لائن ،این این آئی) جاپان میں نئے بادشاہ ناروہیتو کی تقریب تاج پوشی کا انعقاد کیا گیا، جس کے بعد اب ناروہیتو باقاعدہ جاپان کے 126 ویں بادشاہ بن گئے ،تخت نشینی کی تقریب میں 180 ممالک کے سربراہان سمیت دنیا بھر کی 2 ہزار اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی جن میں پاکستان کے صدر عارف علوی اور ان کی اہلیہ بھی شامل تھیں، 85 سالہ جاپانی بادشاہ آکی ہیتو نے اپریل میں طبیعت کی خرابی کی وجہ سے تخت چھوڑا تھا، جاپان میں بادشاہ تادم مرگ تخت نشین رہنے کی روایت ہے تاہم ملک کی 200سالہ تاریخ میں بادشاہ آکی ہیتو تخت چھوڑنے والے پہلے بادشاہ ہیں۔ جاپان میں تاجپوشی کا جشن ایک ہفتے تک منایا جائے گا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور خاتون اول بیگم ثمینہ علوی کی جاپان کے شہنشاہ کی جانب سے دئیے گئے عشائیے میں شرکت کی، عشائیے میں صدر کی امیر قطر تمیم بن حمد الثانی، نیدرلینڈ کے بادشاہ ولیم الیگزینڈر ، ملائیشیا کے بادشاہ عبداللہ، بھوٹان کے بادشاہ جگمی خیسر، افغانستان کے صدر اشرف غنی، فرانس، البانیہ ، آئس لینڈ ، بلغاریہ ، ایسٹونیا، مالدیپ کے صدور ، سنگاپور کی صدر حلیمہ یعقوب، ایران کی نائب صدر، برطانیہ کے ولی عہد شہزادہ چارلس، بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان، ڈنمارک کے ولی عہد فریڈرک اور دیگر شرکا سے ملاقات ہوئی، صدر مملکت نے وفود کے سربراہان کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی حالیہ تشویش ناک صورتحال کے متعلق آگاہ کیا اور کہا کشمیر کے مسئلے کے حل کے بغیر خطے میں دیر پا امن کا قیام انتہائی مشکل ہے ، ہندوستان طاقت سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو نہیں دبا سکتا، کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کے لیے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے سربراہان کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔