کراچی(92 نیوزرپورٹ،صباح نیوز)قونصل جنرل جاپان کراچی توشی کازو ایسومورو نے کراچی میں حال ہی میں سروس کا آغاز کرنے والے سرکلر ریلوے منصوبے کا دورہ کیا ، ٹرین پر سفر کیا اور سالوں بعد کے سی آر کا پہیہ چلنے پر خوشی کا اظہار کیا۔مسٹر توشی کازو ایسومورو 4 سال سے زائد عرصے سے کراچی میں تعینات ہیں، وہ کئی دہائیوں سے پاکستان میں ہیں۔اردو زبان پر عبور رکھنے والے جاپانی سفارت کار گزشتہ شام کراچی سٹی ریلوے سٹیشن پہنچ گئے ۔انہوں نے ٹرین اور انجن کی تصاویر بنائیں اور بھاگ کر ٹرین میں سوار ہوگئے ۔ انہوں نے ٹرین میں گھوم پھر کر بوگیوں کی کوالٹی چیک کی اور واش روم بھی استعمال کیا اور کینٹ سٹیشن پر ٹرین سے اتر گئے اور ٹکٹ یادگار کے طور پر اپنے ساتھ رکھ لیا۔انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے بند کراچی سرکلر ٹرین چل پڑی ہے ، یہ دیکھ کر بے انتہا خوشی ہوئی ہے ۔ منصوبے میں ابھی کچھ خامیاں ہیں، وقت کے ساتھ سروس میں بہتری آ جائے گی۔