اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی،نیوزایجنسیاں) جاپان کی جانب سے پاکستان کو پولیو ویکسین کی خریداری کیلئے 45لاکھ ڈالرکی امداد فراہمی کے معاہدے پر دستخط کردیئے گئے ۔گزشتہ روزاسلام آباد میں معاہدہ پر دستخط کی تقریب ہوئی،اس موقع پر حکومت جاپان کی جانب سے جائیکااور یونیسیف کے درمیان معاہدے پر دستخط کئے گئے ۔پاکستان انسداد پولیو پروگرام کے اجلاس اورمعاہدہ پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزانے کہا کہ جاپانی امداد سے پاکستان انسداد پولیو پروگرام دسمبر 2019 سے نومبر 2020 تک پانچ سال تک کے 2 کروڑ بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف حاصل کرسکے گا۔ حکومت پاکستان ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے پرعزم اور ہرممکن کوشش کررہی ہے کہ پولیو ویکسین تمام بچوں تک پہنچے ۔ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے پاکستان میں جاپانی سفارتخانے میں تعینات یوسوک شیندو نے کہا کہ حکومت جاپان،حکومت پاکستان اور یونیسیف کیساتھ ملکر پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے پرعزم اورامید کی جاتی ہے کہ حکومت پاکستان ملک سے اس موذی مرض کے خاتمے کیلئے اپنی کوششوں میں مزید بہتری لیکر آئیگی۔پاکستان میں یونیسیف کی سربراہ آئیڈہ گرمانے کہا کہ یقین ہے کہ ہم حکومت پاکستان کے مستقل عزم اوردوسرے اتحادیوں کی مدد سے بہت جلد پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کا ہدف حاصل کرلیں گے ۔ دریں اثناجاری بیان میں کہا گیا کہ رواں سال پولیو کے 94 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں زیادہ کیسز خیبرپختونخوا سے رپورٹ ہوئے ۔