اسلام آباد (این این آئی) پیپلزپارٹی کے سینیٹر رحمٰن ملک نے کہاہے کہ پاکستان کوسمجھوتہ ایکسپریس کے معاملے پر عالمی عدالت میں جانا چاہیے ، لڑائی کسی مسئلے کا حل نہیں، بھارت کے ساتھ بیٹھ کر مسائل کے حل کی طرف بڑھنا چاہئے ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں رحمٰن ملک نے کہاکہ ہم سمجھوتہ ایکسپریس پر بھارتی عدالت کے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں اور خون کا حساب مانگتے ہیں، انصاف کیلئے معاملہ عالمی عدالت میں لے جانا چاہیے ، ہمارے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ ڈی آئی جی کرکرکے نے بتایاتھا کہ سمجھوتہ ایکسپریس حملے میں بھارتی ایجنسی راشامل تھی۔ راجہ فاروق حیدر نے کہاکہ پاکستان کو کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر اٹھانا چاہئے ۔ قبل ازیں وزیر اعظم آزاد کشمیر فاروق حیدرنے رحمٰن ملک سے ملاقات میں انکی ہمشیرہ کی وفات پر فاتحہ خوانی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔