اسلام آباد،لاہور،ملتان (لیڈی رپورٹر، کامرس رپورٹر، سٹاف رپورٹر) ملتان اور اس کے نواحی علاقوں میں ٹڈی دل کی تباہ کاریاں جاری ہیں، ادھر اقوام متحدہ کی فوڈ اینڈ ایگری کلچرل آرگنائزیشن (ایف اے او) پاکستان میں ٹڈی دل پر قابو پانے کی کوششوں میں توسیع کیلئے آئندہ ہفتوں میں کرائسز اپیل کا آغاز کرنے کا ارادہ کررہی ہے ۔تفصیلات کے مطابق ملتان کے نواحی علاقوں متی تل ، ساہی چاون سمیت مختلف مواضعات میں ٹڈی دل دوسرے روز بھی حملہ آور رہی۔ ٹڈی دل کے حملے سے آم کے باغات ، کپاس اور تربوز سمیت مختلف فصلیں متاثر ہو رہی ہیں - کسان اپنی مدد آپ کے تحت ڈھول بجا کر ٹڈی دل کو بھگاتے رہے جبکہ محکمہ زراعت کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں سپرے بھی کیا گیا -ادھراقوام متحدہ کی فوڈ اینڈ ایگری کلچرل آرگنائزیشن(ایف اے او) پاکستان میں ٹڈی دل پر قابو پانے کی کوششوں میں توسیع کیلئے آئندہ ہفتوں میں کرائسز اپیل کا آغاز کرنے کا ارادہ کررہی ہے ۔رپورٹ کے مطابق ایف اے او کے ڈائریکٹر جنرل کیو ڈونگیو کی جانب سے جاری پروگریس رپورٹ کے مطابق ٹڈی دل افریقہ کے ساحلی خطے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور ایران کیلئے خطرہ بن رہی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق یہ صورتحال پاکستان کیلئے بھی اسی طرح سنگین ہوسکتی ہے اگر ٹڈی دل پر قابو نہ پایا گیا تو ٹڈی دل کے ملک کے دوسرے حصوں میں جانے کا کافی خطرہ موجود ہے ۔۔دریں اثنا صوبائی وزیر زراعت پنجاب نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ صوبہ میں ٹڈی دل کے کنٹرول کیلئے جنگی بنیادوں پراقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ڈیپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن کے تعاون سے محکمہ زراعت پنجاب نے ٹڈی دل کی موسم بہار کی افزائش کو کنٹرول کرنے کیلئے فضائی سپرے کا انتظام مکمل کر لیاے اوراس مقصد کیلئے وفاقی ادارہ پلانٹ پروٹیکشن کے تعاون سے 3 ہوائی جہاز بھی مہیا کیے جا رہے ہیں۔