لاہور (نامہ نگار خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کو سزا سنانے والے جج کو ویڈیو سکینڈل میں نوکری سے برخاست کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی منظوری کے بعد رجسٹرار نے نوٹیفیکیشن جاری کیاجس میں کہا گیا ہے کہ ملزم جوڈیشل افسر ارشد ملک ویڈیو سکینڈل میں گنہگار پایا گیا، ملزم کی ریٹائر کرنے کیلئے دائر2 درخواستیں بھی مسترد کی جاتی ہیں، ملزم جوڈیشل افسر کے خلاف مس کنڈکٹ کے الزامات کے تحت قانونی کارروائی کی گئی، انکوائری آفیسر جسٹس سردار احمد نعیم نے ملزم کو نوکری سے برخاست کرنے کی سفارش کی، ملزم جوڈیشل افسر ارشد ملک کا انکوائری کے دوران موقف بھی سنا گیا اور رپورٹ انتظامی کمیٹی کو پیش کی گئی،انکوائری رپورٹ کے بعد ملزم کو انتظامی کمیٹی کے روبرو ذاتی شنوائی کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔