اسلام آباد( نامہ نگار) انسداد دہشتگردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے جج ویڈیو سکینڈل کیس میں گرفتار ملزم رضا خان کو2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ہے ۔ گزشتہ روزعدالت نے جج ویڈیوکیس کی سماعت کی ۔ ایف آئی اے حکام نے ملزم رضاخان کو عدالت میںپیش کیا۔عدالت نے ایف آئی اے حکام سے کہا کہ اس کو کہاں سے گرفتار کر کے لے آئے ہیں ، کس کس کو گرفتار کر رہے ہیں ، کیسے ثابت کریں گے اس کا تعلق اشتہاری ملزم کے ساتھ ہے جس پر تفتیشی افسرعظمت نے عدالت کو بتایا کہ ملزم رضا خان اشتہاری ملزم میاں سلیم رضا کا اسسٹنٹ ہے جس پر عدالت نے کہا کہ یہ نہ ہو کل کو آپ ملزم کے ڈرائیور کو گرفتار کر کے لے آئیں۔2 دن کا ٹائم دیتے ہیں اس میں عدالت کو واضح کیا جائے کہ ملزم کا اس کیس سے کیسے تعلق بنتا ہے ،عدالت نے استدعاپر ملزم رضا خان کو 2 دن کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ۔عدالت نے جج ویڈیو سکینڈل کیس میں گرفتار شریک ملزمان فیصل شاہین اور حمزہ عارف بٹ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 30 جنوری تک توسیع کر دی ہے ۔ادھر انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے ذکی الرحمٰن لکھنوی کے خلاف ممبئی حملہ کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران قاضی مصباح اور ایف آئی اے پراسیکیوٹر اکرام قریشی عدالت پیش ہوئے ۔ عدالت نے وکیل صفائی راجہ رضوان عباسی کی عدم موجودگی کے باعث سماعت بغیر کارروائی 29 جنوری تک ملتوی کر دی۔