حافظ آباد،خانقاہ ڈوگراں(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگا ر) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما وسابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جج کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے باوجود نواز شریف 5روز سے غیر قانونی حراست میں ہیں۔گزشتہ روز حافظ آباد میں ن لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے دس ماہ میں ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا، ملک میں انصاف کا نظام ختم ہوچکا ،میں گرفتاری سے نہیں ڈرتا ، ہمت ہے تو مجھے بھی گرفتار کرو۔ پی ٹی آئی حکومت میں مخالفین کیخلاف جھوٹے مقدمات کی سیاست واپس آچکی ۔ وفاقی کابینہ کے چار گھنٹے کے اجلاس میں دو گھنٹے تک یہ بحث جاری رہی کہ مریم نواز شریف کی آواز کو کیسے دبایا جائے اور اسے ٹی وی پر نہ آنے دیا جائے ۔موجودہ حکمران مسلم لیگ ن کے منصوبوں پر تختیاں بدل کر مردار کھارہے ہیں۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاکہ آج پاکستان کے عوام مشکل میں میں ہیں کیونکہ 2018کے انتخابات میں مینڈیٹ کو چوری کیا گیا۔ سلیکٹڈ نا اہل وزیر اعظم نے حکومت چلانے کیلئے منتخب وزیر اعظم کو جیل میں ڈال دیالیکن اب وہ وقت دور نہیں جب کوٹ لکھپت جیل کا تالا ٹوٹے گا۔عمران خان سلیکٹڈ وزیر اعظم بن کر بھی منشی جبکہ قید میں نواز شریف آج بھی وزیر اعظم ہے ۔ن لیگ کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کے پیچھے غیر ملکی فنڈنگ ہے ، اسی سے دھرنے دیئے ۔نواز شریف جیت جاتے تو پاکستان ایشیا کا ٹائیگر بن جاتا جبکہ الیکشن کو سلیکشن بناکر پاکستان کو بلی بنادیا گیا۔ کنونشن سے سابق وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ ، ن لیگ ویمن ونگ کی صدر نزہت صادق، سابق ایم این اے میاں شاہد حسین بھٹی،رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر مظفر علی شیخ، بابر شفیق آرائیں،سابق وائس چیئرمین ضلع کونسل رائے قمر زمان کھرل نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں لیگی رہنماؤں کا کوٹ سرور انٹرچینج پہنچے پر کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھارو کرکے زبردست استقبال کیا ۔ کنونشن کے دوران شہر بھر میں بجلی کی بار بار بندش پر لیگی رہنماؤں نے شدید احتجاج بھی کیا ۔