لاہور( کامرس رپورٹر) پاکستان کا زرعی شعبہ ملکی معیشت مستحکم کرنے میں بنیادی کردار کرسکتا ہے مگر اس کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور ترقی یافتہ ممالک بالخصوص چین کیساتھ اشتراک ضروری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر، نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد، چائنا کونسل برائے فروغ تجارت کی سب کونسل برائے کیمیکل کی نائب صدر ما چنیان، لاہور چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے زراعت کے کنوینر انجینئر جاوید سلیم قریشی، سٹینڈنگ کمیٹی برائے سی اے سی کے کنوینر محمد ندیم قریشی، محمد اظہر علی، ڈاکٹر محمد اشفاق، آصف مجید، ڈاکٹر انجم علی بھٹر، جمشید اقبال چیمہ اور دیگر ماہرین نے اس موقع پر خطاب کیا۔ میڈم ماچنیان نے کہا کہ سی اے سی پاکستان نے عالمی برادری کی توجہ اپنی طرف مبذول کرائی ہے ، چین نے زراعت سمیت دیگر شعبوں میں تیزی سے ترقی کی ہے جس سے پاکستان کو بھی مستفید ہونا چاہیے ، سی اے سی پاکستان اس سلسلے میں اہم کردار ادا کررہی ہے ۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ کم زرعی پیداوار، خوراک کی بڑھتی طلب ، پوسٹ ہارویسٹ نقصانان اور جدید ٹیکنالوجی کے معاملات پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔