کراچی (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کبھی دنیا کا ساتواں خطرناک شہر ہواکرتا تھا مگر اب یہ مکمل پُرامن شہرہے ،اب کراچی بدل چکا،یہاں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوچکی اورپی ایس ایل کی افتتاحی تقریب بھی کراچی میں ہوگی۔ان خیالات کااظہارانہوں نے دوسری کمشنرمیراتھن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،وزیراعلیٰ نے کراچی والوں پرزوردیا کہ وہ اس شہرکوبنانے میں ہمارا ساتھ دیں،پولیس،رینجرز،عوام نے امن وامان کیلئے بہت قربانیاں دیں،ہم اسٹریٹ کرائم پرقابو کی کوشش کررہے ہیں،جرائم کی روک تھام کیلئے ہمارے ادارے بھرپورکام کررہے ہیں،انہوں نے اس موقع پرخصوصی بچوں کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکااس ایونٹ میں حصہ لیناانتہائی خوشی کی بات ہے ،پروگرام میں 6000 افراد کاشرکت کرنا خوش آئند ہے ،آئندہ سال میں بھی اس ایونٹ کا حصہ بنوں گااور10 کلومیٹردوڑ لگاؤں گا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ کا معین خان اکیڈمی پہنچنے پرکمشنرکراچی،ڈپٹی کمشنراورایس ایس پی ساؤتھ نے استقبال کیا،وزیراعلیٰ خصوصی بچوں سے ملے اوران کیساتھ بیٹھ گئے اورتصاویربنوائیں،تقریب کا آغازقرآن پاک کی تلاوت سے کیا گیا،تقریب میں آسٹریلیا کے جنگلات میں آگ اورکوئٹہ دھماکے پرایک منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی بعدازاں وزیراعلیٰ نے پوزیشن ہولڈرزمیں شیلڈزاور میڈلزبھی تقسیم کئے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے میرحسن کی خود سوزی کانوٹس لیتے ہوئے کمشنرکراچی سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی انہوں نے واقعے پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مذہب ہمیں مسائل جدوجہد کرکے حل کرنیکا درس دیتا ہے ،خود سوزی دنیا کے ہرمذہب میں حرام ہے ،ہمیں بہادری سے حالات کا مقابلہ کرنا چاہیئے ۔