کراچی(سٹاف رپورٹر)جرمن پی تھری سی (لانگ رینج میری ٹائم پٹرول) ایئرکرافٹ نے نیول ایئربیس پی این ایس مہران کادورہ کیا ۔جرمن بحریہ کے ایئرکرافٹ کی جانب سے یہ دورہ خیرسگالی،بہتردوطرفہ تعلقات کاعکاس ہے اوردونوں ممالک کی بحریہ کے درمیان دفاعی تعلقات کومزید مستحکم کرنے کی خواہش کامظہرہے ۔پی این ایس مہران پہنچنے پر28 میری ٹائم سٹرائیک سکواڈرن کے کمانڈنگ آفیسراورعملے کی جانب سے جرمن جہاز P3C کے عملے کا شاندار استقبال کیا گیا۔دورے کے دوران جرمن جہاز کے عملے سے پیشہ ورانہ اورسماجی امورپرتبادلہ خیال کیا گیا،جن میں میری ٹائم انٹرڈکٹری آپریشنز(ایم آئی او) ، سرچ اینڈ ریسکیو (ایس اے آر)،اینٹی سب میرین وار فیئر،نگرانی اورفضائی آپریشنز کی تربیت کے طریقہ کارپرگفتگو شامل تھی۔جرمن عملے نے میری ٹائم اورپی اے ایف میوزیم کا بھی دورہ کیا۔جرمن وفد کے اعزازمیں کمانڈرنیول ایوی ایشن کی جانب سے ڈنرکااہتمام بھی کیاگیا۔جرمن اورپاک بحریہ کے عملے نے پاک بحریہ فلیٹ اسٹاف کے ہمراہ کراچی میں جرمن قونصلیٹ کی جانب سے منعقدہ ڈنرمیں بھی شرکت کی۔جرمن بحریہ کے P3Cکا حالیہ دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعلقات کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔