کراچی (این این آئی)جرمن نیول چیف (انسپکٹر آف جرمن نیوی)وائس ایڈمرل ایندرے اس کراؤس نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے نیول ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں ملاقات کی۔ نیول ہیڈکوارٹر زآمدپر چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے آنے والی معزز مہمان کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے ان کوگارڈ آف آنر پیش کیا۔ انہوں نے شہداء کی یاد گار پر پھول چڑھائے اور نیول ہیڈکوارٹر میں پرنسپل سٹاف آفیسرز سے بھی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امیر البحر نے رواں سال کراچی میں پاک بحریہ کی میزبانی میں منعقد ہونے والی کثیر ملکی میری ٹائم مشق امن19- میں جرمن بحریہ کے مشاہدین کی شرکت پر ایڈمرل ایندرے اس کراؤس کا شکریہ ادا کیا۔جرمن نیول چیف نے خطے میں مشترکہ میری ٹائم تحفظ کے ضمن میں کی جانی والی کاوشوں اور امن 19- مشق کے کامیاب انعقاد پر پاک بحریہ کی تعریف کی۔ جرمن چیف کوبحر ہند میں سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں پاک بحریہ کی کاوشوں پربھی بریفنگ دی گئی ۔ دورے کے دوسرے حصہ میں جرمن نیول چیف پاکستان نیوی وارکالج لاہور اور کراچی میں پاک بحریہ کی دیگر فیلڈ کمانڈ ز کا دورہ کرینگے ۔ اس دورہ سے دونوں ممالک میں بالعموم اور دونوں بحریہ کے مابین بالخصوص دو طرفہ تعاون میں اضافے کی توقع کی جا رہی ہے ۔