اسلام آباد (سپیشل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ ) آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ آذربائیجان،ترکی کے بعدسرکاری دورے پرجرمنی پہنچ گئے ،آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جرمن وزیرخارجہ ہائیکوماس سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اورافغانستان کیلئے جرمن نمائندہ خصوصی مارکس پوٹزل بھی موجودتھے ۔ملاقات میں دوطرفہ تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امورپر گفتگو کی گئی،افغان امن عمل میں پیشرفت سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال پربھی غورکیاگیا،آرمی چیف نے کہاپاکستان جرمنی کیساتھ تعلقات کوکلیدی اہمیت دیتاہے ،دوطرفہ تعلقات میں وسعت کے خواہاں ہیں،آئی ایس پی آرکے مطابق اعلی جرمن حکام نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستانی کاوشوں کوسراہا،جرمن حکا م نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کووسعت دینے کے عزم کااظہارکیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کابھی دورہ کیا۔ انہوں نے طلبہ اور اساتذہ کو پاکستان کی اندرونی وعلاقائی سکیورٹی، درپیش چیلنجز اور حکومت کے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا دنیا میں پائیدار امن کا انحصار خطے میں زیر التوا تنازعات کے حل میں پوشیدہ ہے ، دنیا تنازعات کے حل میں بامقصد تعاون کرے ۔ کورونا وائرس سے نمٹنے کے حوالے سے آرمی چیف نے کہا حکومت پاکستان دیگر ریاستی اداروں کیساتھ ملکر بہترین انداز میں اس مرض کا مقابلہ کر رہی ہے ۔