اسلام آباد ( خصوصی نیوز رپورٹر) جرمنی کیلئے نامزد پاکستان کے سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ جرمن کمپنیاں اب پاکستان کی مارکیٹ میں گہری دلچسپی لے رہی ہیں لہذا پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو چاہیے کہ وہ جرمن کمپنیوں کے ساتھ روابط بڑھا کر ان کے ساتھ کاروبار، سرمایہ کاری اور جوائنٹ وینچر ز کے مواقع تلاش کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی یورپی یونین کی سب سے بڑی اکانومی ہے جس کے پاس اعلیٰ معیار کی ٹیکنالوجی و مشینری دستیاب ہے لہذا پاکستان جرمنی کے ساتھ قریبی تعاون فروغ دے کر اپنی معیشت کیلئے متعدد فوائد حاصل کر سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نجی شعبے کو اس سلسلے میں مزید کوششیں کرنے کی ضرورت ہے ۔