برلن (صباح نیوز)جرمنی کے شہر ہانائو میں فائرنگ کے دومختلف واقعات میں 9 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کے واقعات دو مختلف مقامات میں ہوئے تاہم فوری طور پر فائرنگ کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعات شہر ہانائومیں دو مختلف شیشہ بارز میں پیش آئے ۔ ممکنہ طور پر فائرنگ کا واقعہ گینگ وار کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے ، ملزمان دو گاڑیوں میں اسلحہ سے لیس ہو کر آئے اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے ۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد نوجوانوں کی ہے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے ۔پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی جس کے لیے عینی شاہدین سے مدد لی جا رہی ہے ۔واقعات سے متعلق تفتیش جاری ہے۔