برلن (صباح نیوز) مغربی جرمنی اور بیلجیئم میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث71 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتہ ہوگئے ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی جرمنی میں شدید طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 58 افراد ہلاک اور 50 سے زائد افراد لاپتہ ہوگئے جب کہ سیلابی صورتحال کے باعث کئی گھر بھی منہدم ہوگئے ،دریا اور ندی نالے ابل پڑے ، رائن لینڈ پلاٹینیٹ اور نارتھ رائن ویسٹ فیلیا سب سے زیادہ متاثر ہیں۔بیلجیئم میں13ہلاکتیں ہوئیں، حکام کے مطابق 13 میں سے 4 افراد لئیج صوبے میں ہلاک ہوئے کئی گھر تباہ ہو گئے ، بیلجیئم نے یورپی یونین سے مدد مانگ لی ہے ۔جرمن پولیس کے مطابق لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں جب کہ گھروں کی چھتوں پر اب بھی متعدد افراد موجود ہیں جنہیں ریسکیو کرنا باقی ہے ، مواصلاتی اور سڑکوں کا نظام مکمل درہم برہم ہے جب کہ سیلاب کی وجہ سے متعدد دیہاتوں کا رابطہ شہروں سے منقطع ہوگیا۔پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ’کئی مقامات ایسے ہیں جہاں فائر بریگیڈ اور امدادی رضاکاروں کو تعینات کیا گیا ہے ۔