اسلام آباد(خبرنگار)اعلیٰ عدلیہ میں ججوں کے تقرری کے جوڈیشل کمیشن نے لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس امین الدین خان کی سپریم کورٹ میں تقرری کی سفارش کردی ہے ۔ جمعہ کوجوڈیشل کمیشن کے چیئر مین چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں اجلاس کے دوران جسٹس شیخ عظمت سعید کی ریٹائرمنٹ سے خالی ہونے والی سپریم کورٹ کی نشست پر لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس امین الدین خان کو مقرر کرنے کا جائزہ لیا گیا اور جوڈیشل کمیشن نے چیف جسٹس کی طرف سے جسٹس امین الدین خان کی نامزدگی کی توثیق کرکے تقرری کی سفارش کردی۔جسٹس امین الدین خان لاہور کورٹ کی سنیارٹی لسٹ میں پانچویں نمبر کے جج ہیں اور سپریم کورٹ کیلئے ان کی نامزدگی پر وکلا برادری کی طرف سے تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا لیکن ذرائع نے بتایا کہ ان کی تقرری دیوانی مقدمات میں مہارت کو مد نظر رکھ کر کی گئی ہے کیونکہ سپریم کورٹ میں 34ہزار سے زائد سول پٹیشنز اور اپیلیں زیر سماعت ہیں اور دیوانی مقدمات کی تعداد میں روز بروز مزید اضافہ ہوتا جارہا ہے جس کی وجہ سے سول مقدمات کے ماہر ججوں کو مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔