کراچی (سپورٹس رپورٹر) شن بوکو شوتوکان کراٹے اکیڈمی پاکستان کے زیر اہتمام اور شن بوکو ایسوسی ایشن آف کراٹے ڈو (جے کے ایس) پاکستان کے زیر نگرانی کراچی میں منعقدہ جشن آزادی مارشل آرٹس ویک کامیابی سے ختم ہوگیا۔ جشن آزادی مارشل آرٹس ویک کا آغاز مزار قائد سے ہوا ،بعد ازاں کراٹے کے دوروزہ مقابلے لانڈھی سپورٹس کمپلیکس اور محمدعلی شاہ فٹبال سٹیڈیم کورنگی میں منعقد کئے گئے ۔ان مقابلوں میں گرلز و بوائز نوجوانوں اور بچوں نے شرکت کی اور نمایاں کھیل پیش کیا جبکہ 14اگست کو ان مقابلوں کی اختتامی تقریب لانڈھی سپورٹس کمپلیکس میں منعقد کی گئی جس کے آغاز میں پرچم کشائی کی گئی اور کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کیا اور اس موقع پر پاکستان کی 72ویں یوم آزادی کا کیک کاٹا گیا۔ اکیڈمی کے چیف کنٹرولر شیہان شہزاد احمد نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی لازوال اور ناقابل فراموش قربانیوں کے بعد بنا ہے جس کی ہمیں قدر کرنی چاہئے آزادی بغیر قربانیوں کے حاصل نہیں ہوتی۔ ہمیں کشمیر کے ان مسلمانوں کیساتھ بھی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیئے جو آج تک آزادی کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ بعد ازاں کراٹے مقابلوں میں کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔ کراٹے کے کاتا ایونٹ میں شاہ فہد نے جبکہ کومیتے ایونٹ میں انشال حسین ،راحم صدیقی، محمد ارشاد اور عقیل احمد نے گولڈ میڈل جبکہ وائز صدیقی، شاہ میر، حنین خان ،برہان الدین اور وجاہت نے سلور میڈل حاصل کیا۔ فواز خان، محمد وثیق اور وجاہت کو بیسٹ برفارمنس میڈل دئے گئے ۔