لاہور ،ملتان(اپنے رپورٹر سے، 92 نیوز رپورٹ) لاہور،ملتان سمیت ملک بھرکے تمام بازاروں میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہے ،کورونا وبا سے مکمل تحفظ کوسامنے رکھتے ہوئے فیس ماسک بھی آزادی کی مناسبت سے تیارکیے جا رہے ہیں،وطن عزیز کے لئے 14اگست بہت خاص دن ہے ، خاص دن کو منانے کی تیاریاں بھی خاص ہیں ،بچوں ،بڑوں کیلئے پاکستانی پرچم سے ملتے جلتے سپیشل ڈریسز ،ماسک بھی مارکیٹ میں فروخت کئے جا رہے ہیں، دکاندارمطمئن ہیں کہ لاک ڈاؤن ختم ہونے کے باعث حالات بہتر ہو رہے ہیں ، شہریوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ مہنگائی نے قوت خرید کم کر دی پھر بھی چودہ اگست ملی جوش و جذبہ سے منائیں گے ،کورونا وباسے کافی حدتک آزادی کے بعد شہریوں نے اپنے وطن کایوم آزادی بھی بھرپورانداز میں منانے کاعزم کرلیا، ملتان میں جشن آزادی کے سلسلے میں چوتھا سالانہ آزادی مارچ ہوا جس میں ننھے منے بچوں نے جناح کیپ اور قومی پرچم والا ملبوسات زیب تن کر رکھے تھے ، اس موقع پر ملی نغمے بھی گونجتے رہے ۔آزادی مارچ میں ننھے منے بچوں کا جوش و خروش بھی دیدنی تھا ، بچے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگاتے رہے ۔چوتھے سالانہ آزادی مارچ میں شرکاء کا لہو گرمانے کے لئے ملی نغمے بھی بجائے گئے ۔ اس موقع پر شرکا نے جناح کیپ پہننے کی روایت کو زندہ رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا ۔