کراچی(سٹاف رپورٹر)میگا منی لانڈرنگ اور جعلی اکاؤنٹس کیس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ طلبی کے باوجود نیب میں پیش نہیں ہوئے ،ان کے پرنسپل سیکرٹری نے نیب میں پیش ہو کر وزیراعلیٰ کے لیے سوالنامہ حاصل کیا، نیب نے وزیراعلیٰ سندھ کو آئندہ ہفتے اسلام آباد میں طلب کرنے کی تیاری شروع کردی ہے ۔نیب ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سے تفتیش کیلئے نیب راولپنڈی سے کوئی ٹیم کراچی نہیں بھیجی گئی تاہم مراد علی شاہ کو منگل کو نیب کراچی کے دفتر میں پوچھ گچھ کیلئے طلب کیا گیاتاہم ان کی جگہ ان کا پرنسپل سیکرٹری نیب میں پیش ہوا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے 8 سوالات پر مشتمل سوال نامہ پرنسپل سیکرٹری کے ذریعے مراد علی شاہ کو پہنچایا گیا،وزیر اعلیٰ سندھ 7 روز میں جواب مکمل کر کے جمع کرائیں گے ، 7 روز کے اندر مراد علی شاہ کو تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا بھی حکم جاری کیا گیا ہے ۔وزیراعلی سندھ نے مقامی ہوٹل میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں گزشتہ روز ہی نوٹس ملا تھا، اب دیکھیں گے کہ کن وجوہات پرنیب نے طلب کیا ہے ۔